نیویارک ،28؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)فیس بک نے اعلان کیا ہے کہ اس کے صارفین کی تعداد 2ارب سے زیادہ ہو گئی ہے۔فیس بک کا آغاز ہاورڈ یونیورسٹی کے طاالب علموں کی ایک سماجی ویب سائٹ کے طور پر سن 2004میں ہوا تھا جو چند ہی برسوں میں سماجی رابطوں کی دنیا کی سب سے بڑی ویب سائٹ بن گئی ہے۔حال ہی میں فیس بک کو اس نکتہ چینی کا سامنا کرنا پڑا تھا کہ اس پلیٹ فارم کو انتہا پسند گروپ دوسروں تک اپنے نظریات پہنچانے اور لوگوں، بالخصوص نوجوانوں کو اپنی جانب راغب کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔فیس بک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی ویب سائٹ پر پوسٹ کیے جانے والے مواد پر کڑی نظر رکھنے کے انتظامات کیے ہیں اور انتہا پسندی اور نفرت پر مبنی مواد ہٹا دیا جاتا ہے۔فیس بک کے بانی اور سی ای او نے اپنے صارفین کی تعداد 2ارب سے بڑھنے کے بعد منگل کے روز فیس بک کمیونٹی سے خطاب کیا اور سماجی رابطوں کی اس ویب سائٹ کا دفاع کیا۔